پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے سعودی عرب کے یوم تاسیس پر تقریب کاانعقاد

جدہ (نمائندہ خصوصی)سعودی عرب کے یوم تاسیس کے پر مسرت موقع پر پاکستان قومی یکجہتی فورم کے زیر اہتمام پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے صدر کنوینئر فورم سردار وقاص عنایت نے سعودی قیادت اور عوام سے پاکستانی عوام کی گہری محبت اور بھائی چارے کا اظہار کیا۔تقریب میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات جن میں صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود، سابقہ مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ ن چوہدری اکرم گجر، سابقہ مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری افتخار چیمہ، جنرل سیکرٹری پاکستان انویسٹرز فورم مہر عبدالخالق لک، صدر اوورسیز فورم ویسٹرن ریجن فدا حسین کھوکھر، سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی ملک جاوید اور دیگر نے شرکت کی۔ شرکاء نے سعودی عرب کے یوم تاسیس پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔مقررین نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اس مقدس سرزمین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 نے نئی راہیں متعین کی ہیں۔ سعودی عرب کا یوم تاسیس نہ صرف ایک تاریخی یادگار ہے بلکہ سعودی قوم کے عزم، یکجہتی اور ثقافتی ورثے کی تجدید کا دن ہے، جو نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہی اور مستقبل کے لیے پختہ عزم کا پیغام دیتا ہے۔یہ دن ماضی کی عظمت، حال کی ترقی اور مستقبل کی امیدوں کا حسین امتزاج ہے، جو قوم کو اپنی جڑوں سے جوڑ کر آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ پاک سعودی دوستی بحر احمر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، جس پر دونوں اقوام فخر کرتی ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ امت مسلمہ میں سعودی عرب کو حرمین شریفین کی وجہ سے منفرد مقام حاصل ہے اور ہر پاکستانی اس کی عظمت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے مل کر یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹا اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔