جدہ (امیرمحمد خان سے )جدہ میں پاکستانی میڈیا کے رضاکارانہ اور قدیم صحافتی فورم پاکستان جرنلسٹس فورم نے سعودی عرب کے 299 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ایک آن لائن اجلاس منعقد کیا جسکا موضوع ”یومِ تاسیسِ سعودی عرب اور ویژن 2030: تاریخ، شناخت اور روشن مستقبل تھا، فورم کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا کہ آج سعودی عرب اپنے اکابرین اور تاریخی ورثہ کے حوالے سے پوری دنیا میں ترقی کی منازل بخوبی عبور کررہا ہے اظہار خیال کرنے والوں کا کہنا تھا سعودی عرب آج شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی کی بلندیوں پر ہے اور عالم اسلام کی رہنمائی کررہا ہے، فورم کے صدر معروف حسین، جنرل سیکریڑی جمیل راٹھو، خالد چیمہ، نے اظہار خیال کرتے ہوئے یوم تاسیس کی تاریخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہر سال 22فروری کو منایا جاتا ہے، جو 1727ء میں *درعیہ* میں پہلی سعودی ریاست کے قیام کی یادگار ہے۔ یہ دن نہ صرف ماضی کی عظمت کو یاد دلاتا ہے بلکہ مستقبل کے لیے امید اور عزم کا پیغام بھی دیتا ہے۔فورم کے چئیرمین امیر محمد خان نے کہا کہ آج جب سعودی عرب ویژن 2030 کے تحت نئے دور میں قدم بڑھا رہا ہے، یومِ تاسیس کی معنویت مزید گہری ہو گئی ہے۔انہوں نے یوم تاسیس کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ 1727ء میں امام محمد بن سعود نے پہلی بار ایک متحد اور مضبوط ریاست کی بنیاد رکھی۔ اس ریاست نے نہ صرف جزیرہ نما عرب میں امن و استحکام قائم کیا بلکہ اسلامی ثقافت، تعلیم اور تجارت کو فروغ دیا۔یہ تاریخ سعودی عوام کے لیے فخر، اتحاد اور قومی شناخت کی علامت ہے۔فورم کے اراکین نے سعودی عر ب کی حالیہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا وژن 2030ء سعودی عرب کے ایک نئے عہد کا آغاز ہے ولی عہد کی قیادت میں وژن کا مقصد ملک کو اقتصادی، سماجی اور ثقافتی اعتبار سے ایک متنوع اور مستقبل بین ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ وژن 2030 تین بنیادی ستونوں پر مبنی ہے اقتصادی ترقی، سماجی ترقی، تیل پر انحصار کم، تعلیم و عوام کی صحت کی سہولیات اور ثقافت کے ذریعے سعودی عرب کو دنیا کے قریب لانا ہے، فورم نے سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا کہ جو سہولیات وہ اپنے عوام کوپہنچا رہی ہے اسی طرح یہاں موجود بڑی تعداد میں دیگر غیر سعودی جو سعودی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں انہیں بھی مساوی سہولیات میسر ہیں۔زوم اجلاس میں شاہد نعیم، معروف حسین، جمیل راٹھور، خالد چیمہ، ذکیر بھٹی، امانت اللہ، اسد اکرم، مریم شاہد، عالیہ خان، جاوید راہو، عامل عثمانی، اور فوزیہ خان نے شرکت کی۔آخر میں شرکاء نے سعودی عرب کی ترقی اور پاک سعودی کی مضبوطی کی دعا کی۔