افغان طالبان کی جارحیت، باجوڑ میں سول آبادی پر گولے گرنے سے 2 افراد شہید، 8 زخمی

شہداء کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت، باجوڑ کے عوام میں غم و غصہ

پشاور:باجوڑ میں افغان طالبان رجیم کے فائر کیے گئے مارٹر گولے سول آبادی پر گرنے سے 2 افراد شہید جبکہ 8 زخمی ہوگئے، شہداء کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ رات افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند علاقہ برہ لغڑئی میں مقامی آبادی اور مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔مارٹر گولے سول آبادی پر گرنے سے ایک خاتون اور ایک شخص شہید ہو گیا، حملے میں 8 افراد زخمی ہو گئے جن کا علاج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار میں جاری ہے۔واقعہ کے بعد شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، باجوڑ کے عوام میں اس حوالے سے شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔