اسلام آباد: پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب مغوی بحری جہاز ایم ٹی آنر 25کی بازیابی کے آپریشن کے دوران عملے کے 5 ارکان کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری بھی شامل ہیں۔ حکومت اور عوامِ پاکستان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا کہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے صبر، حوصلے اور استقامت کی دعا کرتا ہے جبکہ مرحومین کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے بھی دعا کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق آپریشن کے دوران عملے کے 4 ارکان زخمی بھی ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایم ٹی آنر 25 کے بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا پہنچا دیا گیا ہے۔ جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔حکومت پاکستان نے اپنے سفارتی مشن اور متعلقہ حکام کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق زخمی پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی، جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔