جدہ:جموں و کشمیرکمیونٹی اوورسیز کا اجلاس منعقد ،راجہ محمد ریاض چیف آرگنائزر منتخب

جدہ (نمائندہ خصوصی )جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کا افطار ڈنر اور تنظیمی اجلاس۔ جس کی صدارت چئیرمین جےکے سی او انجینیر عارف مغل نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری راجہ شمروز نے ادا کیے۔ یاد رہے کہ یہ عہدہ سردار عبداللطیف عباسی کی رحلت کے بعد خالی تھا۔ مرحوم جے کے سی او کے بانی اور پچھلے ۱۹ سال سے چیف آرگنایزر تھے۔ چیرمیں انجینیر عارف مغل نے تمام جماعتوں کے اکابرین کی مشاورت اور کثرت رائے سے راجہ محمد ریاض چیف آرگنائزر جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسز کومنتخب کرنے کا اعلان کیا اور شرکا اجلاس سے آئین کی رو سے ہاتھ بلند کروا کے اس فیصلے کی توثیق کروائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چئیرمین سردار وْقاص عنایت اللہ، سردار اشفاق خان، چوہدری خورشید متیال، نعمان تصدق نے کہا کہ راجہ محمد ریاض کے لیے چیف آرگنائزر کا مَنصب بلاشبہ ایک اعزاز ہے، مگر اس سے بڑھ کر ایک عظیم امانت بھی ہے۔ یہ ذمہ داری صرف انتظامی امُور کی نگرانی نہیں، بلکہ دلوں کو جُوڑنے، صفُوں کو مضبُوط کرنے اور مقصد کو جِلا بخشنے کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں یقینِ کامل ہے کہ آپ اپنی حِکمت، متَانت، وسعتِ ظرف اور خلُوصِ نیت کے ساتھ اس بارِ امانت کو اس شان سے اُٹھائیں گے کہ یہ کمیونٹی ترقی و استحکام کی نئی مثال قائم کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ کمیونٹی کے لیے آپ کی سابقہ خدمات، آپ کا مُعتدل مزاج، اور آپ کی تنظیمی بصیرت ہم سب کے سامنے روشن دلیل ہے، جس وجہ سے یہ انتخاب محض اتفاق نہیں، بلکہ استحقاق کا نتیجہ ہے۔ آپ نے ہمیشہ اختلافِ رائے کو انتشار نہیں بننے دیا، بلکہ اُسے مشاورت اور بہتری کا ذریعہ بنایا۔ اور یہی وَصف قیادت کو باوقار اور مُعتبر بناتا ہے۔ ہم اس بابرکت موقع پر اپنے دل کی گہرائی سے آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ صرف الفاظ میں نہیں، بلکہ ہر آئینی عمل جو کمیونٹی کی بہتری کے لیے ہو گا، اُس میں آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ہم ہر مشکل مرحلے میں آپ کے دست و بازُو اور آپ کی طاقت بنیں گے۔ اِنْ شَاء اللّٰہ۔یہ اَمر روزِ رُوشن کی طرح عیاں ہے کہ قیادت کبھی تنہا سفر نہیں کرتی، بلکہ تمام ذمہ داران، اراکین اور پوری کمیونٹی کے ہر فرد کے مابین قائم باہمی تعلق اعتمادِ متقابل، خلُوصِ نیت اور مقصدِ مشترک کی مضبُوط بنیادوں پر اِستَوار ہوتا ہے۔ اور پھر یہی باہمی رَبط و یگانگت کسی بھی تنظیم یا ادارے کی حقیقی قوت اور پائیدار استحکام کا سرچشمہ بنتی ہے۔ اِنْ شَاء اللّٰہ ہم سب مل کر ایسی فضا قائم کریں گے، جس میں اخُوت ہو، باہمی احترام ہو، اور مقصد کے حصُول کا سچا جذبہ ہو۔ ،بارگاہِ الٰہی میں دستِ دُعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ آپ کو ثابت قدمی عطا فرمائے، آپ کے فیصلوں میں خیر و برکت رکھے،نو منتخب چیف آرگنائزر راجہ محمد ریاض ن کہا کہ آپ سب کی محبت، دعاوں اور نیک تمناؤں پر میں دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ جس اعتماد اور حوصلہ افزائی کا اظہار آپ سب نے کیا ہے، میں اسے اپنے لیے ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔میں خصوصاً چیئرمین محترم انجینئر محمد عارف مغل صاحب اور تمام آرگن جماعتوں کے صدور و ذمہ داران کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے اس ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔ اسی طرح اجلاس میں شریک تمام معزز اراکین کی متفقہ توثیق میرے لیے باعثِ حوصلہ اور باعثِ افتخار ہے۔
میں مرحوم عبداللطیف عباسی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس پلیٹ فارم کو اخلاص اور محنت سے مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے قائم کردہ اصولوں اور روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے کمیونٹی کے اتحاد، تنظیم اور خدمت کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے۔میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ ذمہ داری کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان شاء اللہ ہم سب مل کر باہمی مشاورت، اخلاص اور اتحاد کے ساتھ اس پلیٹ فارم کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں گے اور اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو ایک مؤثر آواز فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اخلاص، حکمت اور استقامت کے ساتھ خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری اس اجتماعی کوشش کو کامیابی اور برکت عطا فرمائے۔ صدر اجلاس نے اختتام پر نئے چیف آرگنزئزر کو مبارکباد پیش کی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام پر سردار عبداللطیف عباسی مرحوم کے درجات کی بلند، جے کے سی او کی کامئابی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔