جدہ: یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں اسکانکم کمپنی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا دو روزہ قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 اسمارٹ زون اسٹرائیکرز نے شاندار انداز میں اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں اسمارٹ زون اسٹرائیکرز نے کرم البلَد کو 37 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کی۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان قونصلیٹ سمیت آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں اسمارٹ زون اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 51 رنز بنائے۔ زین علی نے 19 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ یاسین ریاض نے 13 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں کرم البلَد کی ٹیم اسمارٹ زون اسٹرائیکرز کے باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور 5.5 اوورز میں 14 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ عمران یوسف اور ایم شیروز نے 4،4 رنز بنائے۔ اسمارٹ زون کی جانب سے علی رضا نے دو اوورز میں صرف 6 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فصّل ملک، زین علی اور دیگر باؤلرز نے بھی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔
فائنل تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود احمد پوری تھے، جبکہ پاکستان قونصلیٹ سے آغا حاشر، پروجیکٹ سپروائزر برہماوی مسلم پروجیکٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ایونٹ کے آرگنائزر اور اسکانکم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کو فروغ دینا اور پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپ کا نام قائدِ اعظم آزادی کپ رکھنے کا مقصد بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے رواں سال کو قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کیے جانے کی مناسبت سے بھی اس نام کا انتخاب کیا گیا۔
مہمانِ خصوصی مسعود احمد پوری نے ونر اور رنر اپ ٹیموں، اسکانکم اور انتظامیہ کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی، باہمی بھائی چارے اور مثبت معاشرتی رویوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے آغا حاشر نے ایونٹ کے آرگنائزر، انتظامیہ اور تمام شریک ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے لیے کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے اور پاکستان قونصلیٹ اس طرح کی صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی اور حمایت کرے گا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی متعدد نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں چوہدری اظہر وڑائچ، چوہدری اکرم گجر، مہر عبدالخالق لک اور عنصر مغل سمیت دیگر معززین شامل تھے۔ شرکاء نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور یومِ آزادی کے حوالے سے کی جانے والی سرگرمیوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی، آرگنائزنگ کمیٹی اور منتظمین کی جانب سے کھلاڑیوں اور کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور شائقین میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
قائدِ اعظم آزادی کپ کی تقریب کی ایک منفرد خصوصیت پاکستانی خواتین کی جانب سے لگائے گئے مختلف پاکستانی کھانوں، پینٹنگز اور قومی و ثقافتی اشیاء کے اسٹالز تھے، جنہوں نے یومِ آزادی کی تقریب کو مزید خوبصورت، رنگا رنگ اور پُرجوش بنا دیا۔ اسٹالز پر پاکستانی ثقافت کی جھلک نمایاں رہی اور شرکاء نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کا یہ دو روزہ ٹورنامنٹ نہ صرف کرکٹ کے مقابلوں کا سلسلہ ثابت ہوا بلکہ یومِ آزادی کے جذبے، پاکستانی ثقافت، قومی یکجہتی اور کمیونٹی کے باہمی اتحاد کا خوبصورت مظہر بھی بن گیا۔ اسمارٹ زون اسٹرائیکرز کی فائنل میں کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا 





سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔