اسلام آباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں معصوم بچوں اور ایک استاد کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں، بالخصوص معصوم بچوں کے ضیاع کی خبر انتہائی دلخراش ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ کمسن بچوں کی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان اور انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے واقعے سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر، حوصلہ اور استقامت عطا کرے۔