اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سلطنتِ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے اور دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور عمان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ روابط میں موجود مثبت پیش رفت برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار اور عمانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔