پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم، اسحاق ڈار کی پہلے سیکریٹری جنرل کو مبارکباد۔

 

اسلام آباد: مکہ اتحاد برائے دفاع کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، نے وزارتِ خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو مکہ اتحاد برائے دفاع کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم نے اس موقع پر علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔اسحاق ڈار نے علاقائی تعاون کے فروغ میں مکہ اتحاد برائے دفاع کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ یہ اتحاد خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔