اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت دانش اسکولوں کو تمام ممکنہ وسائل اور سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے ملک بھر میں طلبہ، اساتذہ اور نوجوان نسل کے لیے معیاری تعلیم اور نئے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے پیر کو وزارتِ تعلیم اور Gauth AIکے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاہدے کو تعلیمی مواقع میں وسعت کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے مفت سبسکرپشنز کی فراہمی کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ Gauth کی جانب سے پاکستان کو ابتدائی طور پر فراہم کی جانے والی 4 ہزار مفت سبسکرپشنز طلبہ اور اساتذہ کو جدید تعلیمی ٹولز سے استفادہ کرنے میں مدد دیں گی۔ ان میں سے ایک ہزار سبسکرپشنز حکومت کے دانش اسکول منصوبے سے وابستہ اساتذہ کے لیے مختص کی جائیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت طلبہ کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے اور دانش اسکول ایک شاندار تعلیمی ادارہ ہے جہاں طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا، ’’وسائل کی کوئی کمی نہیں، حکومت دانش اسکولوں کو تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔‘‘ وزیراعظم نے دانش اسکولوں اور وہاں زیر تعلیم طلبہ کی بھرپور معاونت جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی اور جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے تعلیمی شعبے کو بہتر بنانے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ TikTok نے اپنی AI ٹیکنالوجی پاکستان کے لیے دستیاب کر دی ہے، جبکہ Gauth AI کے پیڈ ورژنز بھی پاکستان میں متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا کے بعد پاکستان پہلا ملک ہے جہاں یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہےByteDance Ltd کی ریجنل ڈائریکٹر برائے گلوبل پبلک پالیسی ماریا کوہان نے کہا کہ ٹیکنالوجی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے، نئے مواقع پیدا کرنے اور بالخصوص تعلیم کے شعبے میں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ByteDance پہلے ہی TikTok کے ذریعے تعلیمی آگاہی کے فروغ میں کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ۔نوجوانوں کو نئے انداز میں تعلیمی مواد تک رسائی فراہم کر رہی ہے۔ماریا کوہان نے کہا کہ پاکستان میں Gauth کا آغاز ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کی معاونت کے لیے کمپنی کے عزم کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔Gauth مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ایک تعلیمی پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد سیکھنے کے عمل کو آسان، مؤثر اور زیادہ قابلِ رسائی بنانا ہے۔ یہ طلبہ کو مرحلہ وار وضاحت، ذاتی نوعیت کی AI ٹیوشن اور انٹرایکٹو تعلیمی ٹولز فراہم کرتا ہے تاکہ وہ محض جوابات حاصل کرنے کے بجائے تصورات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ Gauth دنیا بھر میں 20 کروڑ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور کمپنی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بھی یہ پلیٹ فارم متعارف کرانے پر خوش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فراہم کی جانے والی سبسکرپشنز اساتذہ کو تدریس اور طلبہ کو سیکھنے کے عمل میں مدد دینے والے AI ٹولز تک رسائی فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ Gauth مقامی طلبہ کے لیے مزید 180 مفت سبسکرپشنز بھی فراہم کرے گا۔