گلگت بلتستان کے آئینی حقوق سے مسئلہ کشمیر کی حیثیت متاثر نہیں ہوگی: صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان (جی بی) کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے کی تجویز پر کام کر رہی ہے، تاہم اس سے جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔انہوں نے یہ بات ایوانِ صدر اسلام آباد میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن کاچو امتیاز حیدر خان اور گلگت بلتستان کے سابق وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر عالم نور حیدر پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔صدر آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور سیاسی قیادت گلگت بلتستان کے عوام کے جائز آئینی حقوق کی مخالفت نہیں کرتے بلکہ ان کے جائز مطالبات اور خواہشات کی حمایت کرتے ہیں۔علاقائی رابطوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی نے شونٹر پاس روڈ اور ٹنل کی مجوزہ تعمیر کو دونوں خطوں کے لیے ایک اہم اور دور رس منصوبہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے، سیاحت اور تجارت کے فروغ، ثقافتی تبادلے اور دونوں خطوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی تعاون بڑھانے اور دونوں خطوں کے دیرینہ سماجی و ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پُرامن اور معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے گندم اور بجلی پر سبسڈی، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کو بھی اہم اقدامات قرار دیا۔ڈاکٹر نجیب نقی نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے بڑی تعداد میں طلبہ آزاد کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے دونوں خطوں کے دیرینہ رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے کشمیر ان کا دوسرا گھر ہے۔صدر آزاد کشمیر نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد میں کشمیر ہاؤس گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے بھی ضرورت کے وقت دستیاب رہے گا اور انہیں کسی بھی معاونت کی ضرورت ہو تو وہ رجوع کرسکتے ہیں۔ملاقات کے دوران وفد نے صدر آزاد کشمیر کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی، خصوصاً یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ ڈاکٹر نجیب نقی نے دعوت قبول کرلی۔ملاقات کے اختتام پر کاچو امتیاز حیدر خان اور عالم نور حیدر نے ڈاکٹر نجیب نقی خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔