راولپنڈی: سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی شاندار عسکری خدمات، قیادت اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پاک فوج نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔صدر مملکت نے سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی بھی دعا کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔