اسحاق ڈار کی گندم کے وافر ذخائر اور آٹے کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت

 

اسلام آباد؛نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر، بلا تعطل رسد اور عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو مارکیٹ کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں گندم سمیت اناج کی مجموعی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مقامی منڈیوں میں رسد برقرار رکھنے کے لیے گندم کی درآمد کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنا اور اناج کی فراہمی میں کسی بھی قسم کے تعطل سے بچنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو مناسب قیمتوں پر گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کے رجحانات پر مسلسل نظر رکھی جائے، گندم کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، تجارت اور بحری امور کے سیکرٹریز سمیت تمام صوبوں اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔