پاکستان کے سفارتی روابط میں مثبت رفتار برقرار رکھی جائے، اسحاق ڈار

اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کے نتائج اور آئندہ سفارتی مصروفیات کے لیے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔اجلاس وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں منعقد ہوا، جس میں حالیہ دوروں کے دوران طے پانے والے اقدامات پر پیش رفت اور شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر غور کیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات میں پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ اور تعاون مزید مؤثر بنایا جائے، ابھرتے ہوئے اقتصادی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور حالیہ سفارتی مصروفیات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزرائے قومی غذائی تحفظ، پیٹرولیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور، معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار، خارجہ امور، تجارت، ریلوے اور سمندر پار پاکستانیوں کے سیکریٹریز سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔