نئے سعودی سفیر کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات

 

راولپنڈی: پاکستان میں سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح تمی البغامی نے پیر کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں شخصیات نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی سفیر کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہیں، جبکہ فریقین نے دفاعی تعاون اور باہمی و علاقائی امور پر قریبی رابطہ مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔