ناروے کے سفیر اور چیئرمین سی ڈی اے کی ملاقات، شہری ترقی میں تعاون پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگے نے بدھ کو چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ناروے کے سفیر کو اسلام آباد کو جدید، ماحول دوست اور سیاح دوست دارالحکومت بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شہری سہولیات میں بہتری، کھیلوں اور تفریح کے مواقع میں اضافے سمیت شہری ترقی، مختلف سیکٹرز کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، کھیلوں اور سیاحتی سہولیات کے فروغ اور ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران شہری ترقی، دارالحکومت کی خوبصورتی، شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ، کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگے نے اسلام آباد کو جدید خطوط پر ترقی دینے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں رابطوں کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ سی ڈی اے کے بیان کے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور ناروے کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔