اسلام آباد: پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر اومر حسین اوبا نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مالی و بینکاری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایتھوپیا کے سفیر کے ہمراہ منسٹر کونسلر میلاو گیتاچیو اور سیاسی سفارت کاری کی انچارج کالکیڈان تادیسے بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی رابطوں، اقتصادی و مالی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستان اور ایتھوپیا کے اقتصادی ترقی کے تجربات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اقتصادی ڈھانچوں میں مماثلت اور ملکی حالات کے مطابق موزوں ترقیاتی حکمت عملی اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔فریقین نے اقتصادی ترقی کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان اصلاحات کا مقصد پائیدار اقتصادی استحکام حاصل کرنا اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر دیرپا معاشی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مالی اور بینکاری روابط بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ایتھوپیا کے سفیر نے تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے علاقائی اور عالمی اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص جاری تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔دونوں جانب سے اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ توانائی اور کھاد کی سپلائی چین میں خلل خصوصاً زرعی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کے حوالے سے معیشتوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔ملاقات میں بیرونی معاشی جھٹکوں سے نمٹنے اور اقتصادی استحکام کے تحفظ کے لیے بروقت تیاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے تجارت، سرمایہ کاری، مالیاتی تعاون اور اقتصادی رابطوں کے فروغ کے لیے مسلسل روابط جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔