پاکستان، آذربائیجان کا قانونی اور ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر عرفان داؤدوف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور قانونی و ادارہ جاتی شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آذربائیجان کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیر احمدلی اور میڈیا نمائندے علی گہرامانوف بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر قانون نے عرفان داؤدوف کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور ان کے کامیاب دورِ سفارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کے وزیر انصاف کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔آذربائیجان کے سفیر عرفان داؤدوف نے مسئلہ قرہ باغ پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے قانونی امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان جاری تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تبادلہ اور تربیتی پروگراموں کے تحت گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں ممالک کی وزارتِ انصاف کے درمیان تین تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا چکی ہیں، جو قانونی شعبے میں تعاون اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور قانونی و ادارہ جاتی تعاون کو گہرا کرنے کے نئے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔