آزاد کشمیر میں حکومتی اصلاحات کا اعلان، سرکاری خدمات آن لائن اور بھرتیاں میرٹ پر کرنے کا فیصلہ
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے تمام سرکاری محکموں کو عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، فیلڈ کارکردگی مؤثر کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ترجیح دینے کی ہدایت کردی۔مظفرآباد میں بدھ کے روز حکومت کے سیکریٹریز کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ضروری سرکاری خدمات کو جلد **ون ونڈو آپریشن** کے تحت آن لائن منتقل کیا جائے گا تاکہ حکومتی امور میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت اور احترام سے پیش آیا جائے، اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے پبلک سروس کمیشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکام سے سفارشات بھی طلب کرلیں۔انہوں نے حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کی تیاری میں سیکریٹریز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل، ریاستی اداروں پر اعتماد کی بحالی، میرٹ کا فروغ اور بہتر طرز حکمرانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔افتخار گیلانی نے واضح کیا کہ تمام سرکاری محکموں میں بھرتیاں شفاف انداز میں **تھرڈ پارٹی** کے ذریعے کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں کے وقار کے تحفظ کے لیے تھانوں کے روایتی کلچر میں اصلاحات اور سرکاری امور میں جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ کا فروغ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا، معیاری تعلیم اور قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے **TEVTA** کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرے گی۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے سیاحت کو معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں، اسی لیے حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔