اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ آصف افتخار احمد نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں عرب گروپ کے سفیروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عرب ممالک کے سات پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ملاقات کے دوران سیکریٹری خارجہ اور عرب گروپ کے سفیروں نے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان دوستی، یکجہتی اور تعاون کے دیرینہ رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے باہمی مفادات کے فروغ، سفارتی روابط میں مزید بہتری اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی، کثیرالجہتی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام، ثقافتی قربت اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مسلسل سفارتی مشاورت اور قریبی رابطہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعمیری طرزِ عمل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
