منگلا ڈیم سے لاش برآمد، ریسکیو 1122 اور پاوندا واٹر ریسکیو کا مشترکہ آپریشن

میرپور: ریسکیو 1122 میرپور اور پاوندا واٹر ریسکیو ٹیم نے مشترکہ سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کے دوران منگلا ڈیم کے واکنگ ٹریک کے قریب سے ایک لاش برآمد کر لی۔اطلاع موصول ہونے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات پر ریسکیو 1122 میرپور اور پاوندا واٹر ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور تلاش و ریکوری کا آپریشن شروع کر دیا۔تربیت یافتہ واٹر ریسکیورز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ریسکیو تکنیک اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی سے لاش کو پانی سے باہر نکال لیا۔ آپریشن کے دوران دونوں ٹیموں نے بہترین باہمی رابطے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس کی موجودگی میں ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میرپور منتقل کر دی گئی، جہاں اس کی شناخت اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔ریسکیو 1122 میرپور اور پاوندا واٹر ریسکیو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ منگلا ڈیم اور دیگر آبی مقامات کی سیر کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں اور تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔