گلگت بلتستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

 

گلگت: گلگت بلتستان کا 79واں یومِ آزادی آج یکم نومبر کو روایتی جوش و جذبے اور قومی ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گلگت کے چنار باغ میں یادگارِ شہداء پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ امجد حسین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سید مہدی شاہ نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں وطن سے وفاداری کے عہد کی تجدید اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اس سے قبل گورنر سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت میں قومی پرچم لہرایا، یادگارِ شہداء و ہیروز پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے بھی یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر علاقے کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ سال میں دو مرتبہ یومِ آزادی مناتے ہیں۔ 14 اگست پاکستان کے یومِ آزادی جبکہ یکم نومبر ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی یاد دلاتا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام قومی یکجہتی کے فروغ اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملکی سرحدوں اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بیرونی جارحیت کے خلاف ان کے کردار کو سراہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، کیونکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظر میں یہ خطہ غیر معمولی تزویراتی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان اس خطے کا مستقبل ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے مختلف ادوارِ حکومت میں یہاں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے، جبکہ موجودہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حکومت کے اشتراک سے ترقیاتی عمل جاری رکھنے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور معاشی امکانات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔امیر مقام نے گلگت بلتستان کی سیاحتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سیاحتی نقشے پر اس خطے کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔