پرواز کے دوران طیارے کی کھڑکی اکھڑ گئی، مسافر معجزانہ طور پر موت کے منہ سے بچ گیا

یونان سے جرمنی جانے والی ایک مسافر پرواز کے دوران اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب طیارے کی ایک کھڑکی اچانک اپنی جگہ سے اکھڑ گئی۔ حادثے میں ایک 61 سالہ مسافر معجزانہ طور پر جہاز سے گرنے سے محفوظ رہا۔عینی شاہدین کے مطابق کھڑکی اکھڑنے کے فوری بعد شدید ہوا کے دباؤ کے باعث مذکورہ مسافر کا سر اور کندھے طیارے سے باہر نکل گئے۔ تاہم اس کی اہلیہ اور قریبی نشستوں پر موجود دیگر مسافروں نے فوری طور پر اسے مضبوطی سے پکڑ کر دوبارہ جہاز کے اندر کھینچ لیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔واقعے کے فوراً بعد طیارے میں آکسیجن ماسک خودکار نظام کے تحت کھل گئے اور پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے جہاز کی بلندی تیزی سے کم کر کے تقریباً 9 ہزار فٹ تک لے آیا تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔بعد ازاں پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت واپس قریبی ہوائی اڈے پر اتار لیا، جہاں امدادی ٹیمیں پہلے سے موجود تھیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے 61 سالہ مسافر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسے معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ پرواز کے دوران طیارے کی کھڑکی کس وجہ سے اپنی جگہ سے الگ ہوئی۔ ابتدائی طور پر حادثے کی تکنیکی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔یہ واقعہ ایک بار پھر فضائی سفر کے دوران حفاظتی اقدامات اور طیاروں کی تکنیکی جانچ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔