افتخار گیلانی کا آزاد کشمیر کے لیے بڑا وژنتعلیم سے ڈیجیٹل گورننس تک اہم اعلانات

 

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد ایسا آزاد کشمیر تشکیل دینا ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم، ہر مریض کو علاج، ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کے مواقع اور ہر شہری کو عزت و بنیادی سہولیات میسر ہوں۔جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام محض آغاز ہے، جس کے بعد آزاد کشمیر کو جدید، ڈیجیٹل، شفاف، مؤثر اور عوام دوست طرز حکمرانی کی طرف لے جانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔چوہدری افتخار گیلانی نے کہا کہ ان شاء اللہ ترقی کا سفر ہر گھر کی دہلیز تک پہنچے گا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور جدید حکمرانی کی جانب گامزن کر رہی ہے، جبکہ تعلیم اور صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ساتھ صاف ماحول، بہتر انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت باصلاحیت طلبہ کے لیے وظائف، ماڈل تعلیمی ادارے اور جدید ریسکیو سروسز متعارف کرائے گی، جبکہ نوجوانوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ عوام کو سرکاری خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے ون ونڈو آپریشن سروس شروع کی جائے گی، جس کے تحت شہری دنیا کے کسی بھی حصے سے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے نظام، اداروں اور ترقیاتی ترجیحات کو بھی وقت کے تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا۔