اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے دوشنبے پہنچ گئے

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے، جہاں وہ 19 اور 20 اکتوبر کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوشنبے پہنچنے پر تاجکستان کے وزیر توانائی و آبی وسائل اور پاکستان تاجکستان مشترکہ کمیشن کے شریک چیئرمین دلیر جمعہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عرفان احمد، ایس سی او کے لیے پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر خلیل ہاشمی اور تاجک حکومت کے اعلیٰ حکام نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے، جبکہ ایران کی نمائندگی نائب صدر اور بھارت کی نمائندگی وزیر خارجہ کریں گے۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ ایس سی او کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو اقتصادی اور مالیاتی امور، تجارت، رابطہ کاری، کامرس، سماجی و اقتصادی تعاون اور تنظیم کے بجٹ سے متعلق رہنمائی فراہم کرتا ہے۔اجلاس کے دوران مشترکہ اعلامیے، مختلف بیانات اور اہم فیصلے بھی منظور کیے جائیں گے۔دورہ تاجکستان کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ اجلاس کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم ایک علاقائی تنظیم ہے جس کے تعاون کے اہم شعبوں میں اقتصادی ترقی، تجارت، علاقائی رابطہ کاری اور سکیورٹی شامل ہیں۔ کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ بالخصوص رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔یہ اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کے دوران تنظیم کے اپنے ترجیحی اہداف کو آگے بڑھا رہا ہے۔ پاکستان 2027 میں ایس سی او کے آئندہ سربراہی اجلاس کی میزبانی اسلام آباد میں کرے گا۔ستمبر میں اسحاق ڈار نے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر زور دیا تھا۔پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا موضوع **’’ویژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘** ہے۔ اسحاق ڈار نے تنظیم کے مشترکہ اہداف کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔