راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں عالمی یومِ خوراک کے موقع پر مختلف آگاہی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد غذائی تحفظ، متوازن اور صحت بخش خوراک اور پائیدار غذائی نظام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں فوڈ فیسٹیول، پوسٹر مقابلہ، سیمینار اور آگاہی واک شامل تھے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے متوازن غذا، غذائی مسائل کے جدید حل اور ہر فرد تک محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔تقریبات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے فوڈ فیسٹیول میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ پوسٹرز کا جائزہ لینے کے علاوہ سیمینار اور آگاہی واک میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور صحت بخش خوراک کے استعمال کو فروغ دینا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی مسائل سے نمٹنے کے لیے جامعات کو تحقیق، جدت اور عوامی آگاہی کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ پائیدار بنیادوں پر مؤثر حل تلاش کیے جا سکیں۔انہوں نے محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ذمہ دارانہ غذائی عادات اپنانے اور جدید طریقہ کار کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی مربوط کوششیں ملک میں غذائی تحفظ بہتر بنانے اور معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔