23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 3 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

 

اسلام آباد: 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کا آغاز 3 نومبر کو اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں ہوگا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس اہم براعظمی ایونٹ میں ایشیا کے نامور کھلاڑی مردوں اور خواتین کے ٹیم مقابلوں میں حصہ لیں گے۔چیمپئن شپ میں مردوں کی چھ ٹیمیں 24 کھلاڑیوں کے ساتھ جبکہ خواتین کی پانچ ٹیمیں 20 کھلاڑیوں کے ساتھ شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ 36 غیر ملکی کھلاڑی، 12 غیر ملکی آفیشلز اور 10 تکنیکی مندوبین و ریفریز بھی ایونٹ میں شرکت کریں گے، جو اس چیمپئن شپ کی بین الاقوامی اہمیت اور مسابقتی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔پاکستان میں اسکواش کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تربیت، عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اس کھیل میں ملک کی شاندار روایات برقرار رکھنے میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ کی سرپرستی میں پاکستان کو عالمی اسکواش میں اس کا تاریخی مقام دوبارہ دلانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے اسکواش کے فروغ کے لیے خصوصی توجہ، بالخصوص نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات سے اس کھیل کی بحالی کی کوششوں کو نئی تقویت ملی ہے۔چیمپئن شپ میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر عہدیداران، شریک ممالک کے نمائندوں، کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور کھیلوں کے شائقین کی بھی شرکت متوقع ہے۔یہ ایونٹ ایشیائی اسکواش کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور براعظمی سطح پر مقابلہ کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ پاکستان ایئر فورس کی سرپرستی میں چیمپئن شپ کا انعقاد اسکواش میں پاکستان کا تاریخی مقام بحال کرنے، بین الاقوامی کھیلوں کے تعاون کو فروغ دینے اور نئے کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔چیمپئن شپ 7 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگی، جبکہ آخری روز فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔