دھیرکوٹ میں سرچ آپریشن، شوکت نواز میر دو ساتھیوں سمیت گرفتار
مظفرآباد/دھیرکوٹ (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مطلوب شخص شوکت نواز میر کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دھیرکوٹ کے نواحی علاقے سنگڑ پھٹارے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران اس مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں شوکت نواز میر کے روپوش ہونے کی اطلاع تھی، تاہم وہ اس وقت وہاں موجود نہیں تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان میں پناہ فراہم کرنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا، جس سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ بعد ازاں فورسز نے قریبی جنگل میں کارروائی کرتے ہوئے شوکت نواز میر کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔صحافی ثوبان افتخار راجہ کے مطابق شوکت نواز میر کی علاقے میں موجودگی کی اطلاعات موصول ہونے پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا، جبکہ پولیس اور مقامی شہریوں نے بھی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی