ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار امان ادریس کا بیانِ حلفی منظرعام پرآگیا

پلندری (نمائندہ خصوصی) سدھنوتی کے علاقے پلندری سے تعلق رکھنے والے ایکشن کمیٹی کے سرکردہ رہنما سردار امان ادریس کا بیانِ حلفی منظرعام پر آ گیا ہے، جس میں انہوں نے الحاقِ پاکستان کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افواجِ پاکستان کے حامی ہیں اور کسی بھی انتظامی یا حکومتی ادارے کے مخالف نہیں۔بیانِ حلفی کے مطابق سردار امان ادریس نے واضح کیا ہے کہ وہ قانون اور ریاستی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور کسی غیر قانونی سرگرمی یا ریاست مخالف اقدام سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابات کے جو بھی نتائج سامنے آئیں گے، وہ انہیں خوش دلی سے قبول کریں گے اور جمہوری عمل کا احترام کریں گے۔سردار امان ادریس کے بیانِ حلفی کے منظرعام پر آنے کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں میں مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔