پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کا الیکشن نہیں ، عوام کیساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ

آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، موجودہ حالات میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان تحریک انصاف

 

 

‏پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں، حقِ خودارادیت اور جمہوری حقوق کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتی ہے۔ یہ کوئی سیاسی حکمتِ عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اصولی مؤقف ہے۔آزاد کشمیر اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے۔ ہزاروں شہری راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ حکومتی طاقت کے استعمال کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خوردونوش کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند ہے جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے ان کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جانا چاہیے۔‏پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ موجودہ اقدامات آزاد جموں و کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو مجروح کر رہے ہیں اور ایک ایسا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جو آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے درمیان موجود بنیادی فرق کو مٹانے کا باعث بن رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل پاکستان کی تاریخی کشمیر پالیسی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔‏جب کشمیری عوام خود احتجاج پر ہوں، ان کی نمائندہ آوازوں کو دبایا جا رہا ہو، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہوں، قیادت کو گرفتار کیا جا رہا ہو، میڈیا پر قدغنیں ہوں اور اظہارِ رائے کی آزادی محدود کر دی گئی ہو تو ایسے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے۔‏پاکستان تحریک انصاف کشمیری عوام کی آواز کو نظر انداز کرکے اقتدار کی سیاست نہیں کرے گی۔ ہماری اولین ترجیح کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، ان کے جمہوری مطالبات اور انصاف پر مبنی سیاسی عمل کی حمایت ہے۔ ہم انتخابات نہیں، عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔‏پاکستان تحریک انصاف اس وقت تک انتخابات میں حصہ نہیں لے گی جب تک حالات معمول پر نہیں آتے، تمام سیاسی و عوامی قوتوں کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے معاملات افہام و تفہیم سے حل نہیں ہوتے، انتخابی شیڈول پر نظرثانی نہیں کی جاتی اور تمام سیاسی جماعتوں کو حقیقی معنوں میں مساوی اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم نہیں کیا جاتا۔‏پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی مہم کا مرکز و محور کشمیری عوام کے جمہوری حقوق، ان کے جائز مطالبات کی حمایت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے مطالبات کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کرنا ہوگا۔‏پاکستان تحریک انصاف کا یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کے حساب سے نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، جمہوری اقدار کے احترام اور اصولی سیاست کے تقاضوں کے مطابق کیا گیا ہے۔ جب تک کشمیری عوام کے لیے آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا، پاکستان تحریک انصاف اس انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی