کل ملک بھر میں ہڑتال ہوگی،مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

 

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں حکومت گراؤ تحریک چلائی جائے گی۔لاہور کے مال روڈ پر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی، جس کے بعد جماعت اسلامی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ ان کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں کی مارکیٹیں بند ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے جبکہ لاہور کے تاجروں نے بھی اس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی احتجاجی کیمپ لگائے گئے ہیں اور ان کے بقول ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی اور بجلی کے فکسڈ چارجز سے عوام پریشان ہیں اور جماعت اسلامی کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کر رہی ہے۔حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران پیٹرولیم لیوی ختم نہ کرنے کی وجہ آئی ایم ایف کو قرار دیتے ہیں، جبکہ ہر حکومت یہ کہتی رہی ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری ہوگا، لیکن عوام کو بار بار اسی دلدل میں دھکیلا جاتا ہے۔امیر جماعت اسلامی کے مطابق جماعت اسلامی کی قیادت عوام اور تاجروں سے رابطے میں ہے۔ پشاور میں چار مقامات پر دھرنے جاری ہیں، جبکہ چترال، سکھر اور سندھ کے کئی علاقوں میں بھی احتجاجی دھرنے ہو رہے ہیں۔انہوں نے بینکوں، چینی، آٹا اور آئی پی پیز سے متعلق معاملات پر بھی تنقید کی۔ حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ بینکوں کا مافیا چینی، آٹا اور آئی پی پیز مافیا کے ساتھ ملا ہوا ہے، جبکہ آئی پی پیز کے قرضوں کا سود بھی عوام ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز نے عوام کے پیسوں سے جو آمدن حاصل کی، اس پر بھی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل کی ہڑتال کے دوران تاجروں پر دباؤ نہ ڈالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کو گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں، تاہم جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتی ہے اور ہڑتال ضرور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے بعد راولپنڈی میں بھی دھرنا شروع کیا جائے گا جبکہ جن اضلاع میں اب تک دھرنے نہیں ہوئے، وہاں بھی احتجاج کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اسلام آباد لانگ مارچ کے معاملے پر اپوزیشن سے بھی مشاورت کی جائے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد لانگ مارچ میں جماعت اسلامی کی پوری قیادت کارکنوں کے ساتھ ہوگی اور ملک بھر سے عوام کو جمع کرکے پیدل لانگ مارچ شروع کیا جائے گا، جس میں چاروں اطراف سے لاکھوں افراد اسلام آباد پہنچیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا تو جماعت اسلامی حکومت گراؤ تحریک چلائے گی۔