بائیک، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان

 

اسلام آباد: وزیراعظم نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے بائیک، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا عوام پر بوجھ بڑھنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ایک بار پھر خصوصی ریلفف اسکیم کا اجرا کردیا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائےگا۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ بیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا، اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ تیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں اسکا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کردیا جائے گا جبکہ پورے پاکستان میں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، اسکا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق اس خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجراء آج سے کر دیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا، اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر صوبوں کے شکرگزار ہیں۔