نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے نو منتخب فنانس سیکرٹری عابد عباسی سے چراغِ منزل کے چیئرمین سعید خان عباسی اور نائب صدر آمنہ اسحاق عباسی کی ملاقات

اسلام آباد: حال ہی میں National Press Club کے نو منتخب فنانس سیکرٹری اور سینئر صحافی عابد عباسی سے چراغِ منزل کی جانب سے ملاقات کی گئی، جس میں انہیں اس اہم ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر چراغِ منزل کے چیئرمین محمد سعید خان عباسی اور نائب صدر آمنہ اسحاق عباسی نے امید ظاہر کی کہ عابد عباسی صحافت کے میدان میں اپنی بہترین خدمات کے تسلسل کے ساتھ سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں بھی اسی جذبے، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملاقات کے دوران چراغِ منزل کے پلیٹ فارم سے خصوصی افراد کو درپیش مسائل، ان کے حقوق، تعلیم، روزگار، فلاح و بہبود اور معاشرتی شمولیت جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عابد عباسی نے چراغِ منزل کی سماجی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ میڈیا خصوصی افراد کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے مسائل متعلقہ اداروں اور حکامِ بالا تک پہنچانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ میٹنگ کے دوران مستقبل میں آگاہی مہمات، میڈیا تعاون اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ اس امر پر زور دیا گیا کہ ایک باوقار اور مساوی معاشرے کے قیام کے لیے خصوصی افراد کو ہر شعبۂ زندگی میں مکمل نمائندگی اور سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔