چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو ہائی شِنگ آج پاکستان پہنچیں گے

 

اسلام آباد: چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امور کے شعبے (IDCPC) کے وزیر لیو ہائی شِنگ آج اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔دورے کے دوران لیو ہائی شِنگ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ 2 نومبر 2026 کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی روابط اور سیاسی جماعتوں کے باہمی تبادلوں کا حصہ ہے، جو دونوں ممالک کی جانب سے ہر موسم کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط کو مزید فروغ ملے گا اور دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو نئی تقویت حاصل ہوگی۔