یوتھ فورم فار کشمیر کے وفد کو دفتر خارجہ میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور مسئلہ کشمیر پر بریفنگ

اسلام آباد: یوتھ فورم فار کشمیر (وائی ایف کے) کے 40 رکنی وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زمان باجوہ کی قیادت میں پیر کے روز وزارت خارجہ کا دورہ کیا، جہاں وفد کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات، بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان نے وفد کا استقبال کیا اور شرکاء کو پاکستان کی اہم سفارتی ترجیحات اور مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ترجمان نے کشمیری عوام کے جائز حقوق اور امنگوں کی حمایت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پُرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی ترجیحات اور قومی مفادات کے تحفظ و فروغ میں وزارت خارجہ کے کردار سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دورے کے ذریعے نوجوان شرکاء کو پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں، خارجہ پالیسی کے مقاصد اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سمجھنے کا موقع ملا۔