پاکستان اور چین کا سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق

 

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز اسلام آباد میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے (آئی ڈی سی پی سی) کے وزیر لیو ہائی شنگ کے ہمراہ ’’شی جن پنگ کے نظریہ برائے پارٹی سازی‘‘ کے موضوع پر سمپوزیم اور پاکستان چین طرز حکمرانی سیمینار کی مشترکہ صدارت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مؤثر طرز حکمرانی، اداروں کی مضبوطی اور قومی ترقی میں سیاسی جماعتوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کے پیچھے وسیع البنیاد سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط، تبادلوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کے عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر اپنے کلیدی خطاب میں لیو ہائی شنگ نے سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کی قیادت کی مسلسل کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔ سمپوزیم میں پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سینیٹر شیری رحمان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سینیٹر انوشہ رحمان خان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ تقریب میں سیکریٹری خارجہ کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور تھنک ٹینکس کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ سیمینار میں پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی مکالمے، ادارہ جاتی تعاون اور طرز حکمرانی کے تجربات کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔